اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ صدر مملکت نے عام انتخابات کے لیے تاریخ تجویز کی ہے مگر اس کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق مردم شماری کی منظوری کے بعد حلقہ بندیاں آئینی تقاضا ہے۔
نجی ٹی وی گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ بندیاں آئینی عمل کا حصہ ہیں، نگراں حکومت کا کام انتخابات میں الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے واضح ہدایات دی ہیں، اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے احسن انداز سےکام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں اشیاء کی قیمتیں بتدریج کم ہورہی ہیں، سول اداروں کی کارکردگی میں بہتری سے صورتحال مزید بہترہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ایرانی پیٹرول کی اسمگلنگ کچھ عرصہ جاری رہی، اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں، اسمگلنگ میں ملوث عناصر کی نشاہدہی ہوچکی ہے، ڈالر کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، امید ہے روپے کی قدر میں مزید استحکام آئے گا۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ بارڈر مینجمنٹ پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، ماضی میں روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے برآمدات میں کمی ہوئی ہے، معاشی اصلاحات وقت کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعت ملکی مفاد کے خلاف اقدامات نہیں اٹھا سکتی، سانحہ 9 مئی جیسے واقعات کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں، انتشار میں ملوث عناصر کےخلاف کارروائی ہوگی۔









