بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

یوراج کے والد دھونی کے بعد کپل دیو پر برس پڑے، ویڈیو وائرل

سابق بھارتی کرکٹر یوراج سنگھ کے والد یوگراج سنگھ کی مہندرا سنگھ دھونی کے بعد ورلڈکپ جتوانے والے کپتان کپل دیو کو للکارنے کی ویڈیو بھی وائرل ہونے لگی۔

متنازع ویڈیو کے باعث بھارتی میڈیا کی زینت بننے والے سابق بھارتی کرکٹر یوراج سنگھ کے والد یوگراج سنگھ نے 1983 میں بھارت کو پہلا ورلڈکپ جتوانے والے کپتان کپل دیو کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ میں تمہیں اس مقام پر لے آؤں گا کہ دنیا تم پر تھوکے گی۔

وائرل ویڈیو میں یوگراج سنگھ کو کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ کپل دیو نے انہیں بھارتی کرکٹ ٹیم سے نکلوایا اور ان کا کیرئیر ختم کیا تھا، میں نے یووراج کے کیرئیر کو کامیاب بنانے کیلئے محنت کی اور یہی نتیجہ ہے کہ آج یوراج کے پاس 13 اور کپل کے پاس محض ایک ٹرافی موجود ہے۔

قبل ازیں بھارتی چینل زی سے بات کرتے ہوئے یوگراج سنگھ نے کہا کہ میں دھونی کو زندگی میں کبھی معاف نہیں کروں گا، اُسے آئینے میں اپنا چہرہ دیکھنا چاہئے، وہ بہت بڑا کرکٹر ہے لیکن اس نے میرے بیٹے کے خلاف جو کیا اب سب کچھ سامنے آرہا ہے۔

یوگراج سنگھ نے کہا کہ میں نے زندگی میں کبھی دو چیزیں نہیں کیں، پہلا جس نے میرے ساتھ غلط کیا ہو میں نے کبھی اسکو معاف نہیں کیا، دوسرا میں نے کبھی ان کو گلے نہیں لگایا چاہے وہ میرے بچے یا گھر والے ہی کیوں نا ہوں۔

واضح رہے کہ یوگراج سنگھ اور کپل دیو کے تعلقات 1981 سے ٹھیک نہیں، یوگراج سنگھ بھارت کی جانب سے ایک ٹیسٹ اور 6 ون ڈے کھیل چکے ہیں۔