یورپ کے دارالحکومت برسلز میں سفارت خانہ پاکستان بیلجیئم کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان کلچرل پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں یورپی یونین اور بیلجیئم پارلیمنٹ کے اراکین، اعلیٰ یورپی حکام، معروف کاروباری شخصیات اور یورپی میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس ثقافتی پروگرام کا اہتمام منسٹری آف کامرس اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے تعاون سے کیا گیا۔
پروگرام کا مقصد یورپ میں پاکستان کے تاریخی و تہذیبی ورثے کو اجاگر کرنا اور پاکستان میں تجارت و سیاحت کے وسیع مواقع سے دنیا کو روشناس کروانا تھا۔ اس موقع پر سیلاب سے متاثرہ خواتین کی دستکاری سے تیار کردہ خصوصی ملبوسات کی نمائش نے مہمانوں کی خصوصی توجہ حاصل کی، جو پاکستان میں خواتین کی ہنرمندی اور خود انحصاری کی علامت ہے۔
تقریب کے شرکاء کی تواضع معروف پاکستانی کھانوں سے کی گئی، جبکہ پاکستان کے ثقافتی، سیاحتی اور تجارتی امکانات پر مبنی خصوصی ڈاکومینٹریز بھی دکھائی گئیں جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔
اس پروگرام کو یورپ میں پاکستان کی سافٹ امیج اور مثبت پہچان کو فروغ دینے کی ایک مؤثر کاوش قرار دیا جا رہا ہے۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ سفارت خانہ پاکستان بیلجیئم کی اس ثقافتی کوشش سے پاکستان اور یورپ کے درمیان ثقافتی، تجارتی اور کثیرالجہتی تعاون میں مزید وسعت آئے گی۔









