بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فیلڈمارشل کا دورہ پشاور، شہداء کی نمازِ جنازہ میں شرکت،زخمیوں کی عیادت

راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشانِ امتیاز (ملٹری) نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا جہاں انہیں موجودہ سکیورٹی صورتحال اور جاری انسداد دہشت گردی آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
 دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے بنوں گیریژن میں پیش آنے والے واقعے کے شہداء کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور بعد ازاں بنوں سی ایم ایچ میں زخمیوں کی عیادت کی۔ آرمی چیف نے پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کے غیرمتزلزل حوصلے اور قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا، جو بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنے خوارج کا جواں مردی سے مقابلہ کرتے ہوئے انہیں ناکام بنا رہی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک متحد ہے اور ہر قیمت پر اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔
انہوں نے ریاستی عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی میں ملوث تمام سہولت کاروں، معاونین اور مجرموں کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے اصل چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قوم کو یقین دلایا کہ ہر معصوم پاکستانی کے لہو کا بدلہ لیا جائے گا اور پاکستان کے داخلی استحکام کو کمزور کرنے کی ہر کوشش کا فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔
فیلڈمارشل نے خصوصاً خیبر پختونخوا پولیس سمیت سول قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ادارہ جاتی صلاحیت بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا اور متعلقہ حکومتی اداروں پر زور دیا کہ ان کوششوں کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے ان اداروں کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے پاک فوج کی مکمل معاونت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
کور ہیڈکوارٹرز آمد پر فیلڈمارشل کا استقبال کور کمانڈر پشاور نے کیا۔