بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بجلی کے بلوں سےالیکٹریسٹی ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ، وزرائے اعلیٰ کو خط ارسال

اسلام آباد:وزیر توانائی اویس لغاری نے اعلان کیا ہے کہ جولائی 2025 سے بجلی کے بلوں کے ذریعے صوبائی الیکٹریسٹی ڈیوٹی کی وصولی بند کر دی جائے گی۔ اس فیصلے کا مقصد صارفین پر ٹیکسوں کا بوجھ کم کرنا اور بلوں کو سادہ اور قابل فہم بنانا ہے۔
اویس لغاری نے اس سلسلے میں تمام وزرائے اعلیٰ کو خط ارسال کیے ہیں جس میں بجلی کے نرخوں میں کمی سے متعلق حکومتی اقدامات کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔ خط میں آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظرثانی اور سرکاری پاور پلانٹس کے منافع میں کمی کے لیے جاری کوششوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں میں متعدد چارجز اور ڈیوٹیوں کے باعث عوام الجھن کا شکار ہوتے ہیں۔ ہمارا ہدف یہ ہے کہ بل صرف بجلی کے اصل خرچ کو ظاہر کریں تاکہ صارفین کو اضافی چارجز سے نجات ملے۔
اویس لغاری نے صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ الیکٹریسٹی ڈیوٹی کی وصولی کے لیے متبادل ذرائع تجویز کریں تاکہ اس کی براہ راست وصولی ممکن ہو سکے۔
وزیر توانائی نے واضح کیا کہ حکومت چاہتی ہے کہ صارفین صرف بجلی کی قیمت ادا کریں اور اضافی چارجز کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔