لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے 4 اسٹینڈنگ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی۔
پنجاب اسمبلی کی 4 قائمہ کمیٹیوں کے اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے سربراہوں کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی جو کامیاب ہوگئی۔
عہدوں سے ہٹائے گئے اسٹینڈنگ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کا تعلق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے ہے اور 4 اسٹینڈنگ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کو عہدوں سے ہٹانے کے نوٹس جاری کردیے گئے ہیں۔ ان چاروں اسٹینڈنگ کمیٹیوں کے نئے چیئرمین کے لیے دوبارہ الیکشن ہوں گے۔
چیئرمین لٹریسی عنصر اقبال، چیئرپرسن اسپیشل ایجوکیشن صائمہ کنول، چیئرمین کالونیز احسن علی اور چیئرمین مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈیولپمنٹ رائے مرتضیٰ کو عہدوں سے ہٹایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ قائمہ کمیٹی مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈیولپمنٹ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک رانا عبدالستار، سہیل خان، رفعت عباسی اور ضیاالرحمٰن نے جمع کروائی تھی۔
قائمہ کمیٹی برائے لٹریسی کے چیئرمین کے خلاف فیصل اکرم، لعل محمد، جعفر علی ہوچہ اور عمران جاوید نے تحریک عدم اعتماد جمع کروائی تھی۔
قائمہ کمیٹی برائے کالونیز کے چیئرمین کے خلاف نوید اسلم، غزالی سلیم بٹ، زکیہ خان اور عائشہ جاوید نے تحریک عدم اعتماد جمع کروائی تھی۔
اسی طرح، قائمہ کمیٹی برائے اسپیشل ایجوکیشن کے چیئرمین کے خلاف محمد یوسف، غضنفر عباس، عطیہ افتخار اور فیلبوس کرسٹوفر نے تحریک عدم اعتماد جمع کروائی تھی۔
خیال رہے کہ پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی پر اپوزیشن ارکان کو 13 قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی سے ہٹانےکا فیصلہ کیا گیا تھا۔
ابتدائی طور پر پنجاب اسمبلی میں13 میں سے 4 اسٹینڈنگ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ پر عدم اعتماد کے لیے اجلاس طلب کیا گیا تھا۔
علاوہ ازیں، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کی 9 قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ پر بھی عدم اعتماد لانے کا فیصلہ جلد ہوگا۔
پنجاب اسمبلی، چارقائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب
