پاکستان اور ایران نے رواں ہفتے خارجہ پالیسی، دفاعی تعاون اور علاقائی صورتحال پر براہ راست دو طرفہ مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اہم ملاقاتیں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او)کے سربراہی اجلاس کے موقع پر آذربائیجان کے شہر شوشا میں ہوں گی۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ایرانی وزیر خارجہ سے خصوصی ملاقات کریں گے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات جمعہ کو متوقع ہے۔
پاکستانی وفد جمعرات کو شوشا پہنچے گا جہاں وہ ای سی او کے اہم اجلاس میں شرکت کرے گا۔ شوشا، کاراباخ کا ایک اسٹریٹجک علاقہ ہے جو حالیہ آذری-آرمینیائی تنازع کے بعد آرمینیا سے آزاد کرایا گیا تھا۔
اسحاق ڈار ترک وزیر خارجہ حقان فدان سمیت قازقستان، ازبکستان اور دیگر رکن ممالک کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
علاوہ ازیں، پاکستانی وفد کی ترک صدر رجب طیب اردوان، آذربائیجان کے صدر الہام علییف اور دیگر علاقائی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
ای سی او اجلاس کو خطے میں اقتصادی، سیکیورٹی اور سفارتی تعاون کے فروغ کے لیے اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے۔