بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ملک بھر میں 71 فیصد بینک اکاؤنٹس کا بیلنس 50,000 روپے سے کم

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی تازہ رپورٹ کے مطابق ملک میں صرف 3 فیصد بینک اکاؤنٹس ایسے ہیں جن میں ایک ملین روپے سے زائد کی رقم موجود ہے۔ مرکزی بینک کے مطابق 70 فیصد سے زیادہ کمرشل بینک اکاؤنٹس میں صرف 50 ہزار روپے سے کم رقم جمع ہے جبکہ 26 فیصد اکاؤنٹس میں بیلنس 50 ہزار سے لے کر 10 لاکھ روپے کے درمیان ہے۔ مزید تفصیلات کے مطابق 51 فیصد اکاؤنٹس میں صرف 5,000 روپے سے بھی کم رقم موجود ہے، جبکہ 20 فیصد اکاؤنٹس کا بیلنس 50,000 روپے سے کم ہے۔

یہ اعداد و شمار اسٹیٹ بینک کے مالی سال 2025 کی تیسری سہ ماہی کی رپورٹ “کوارٹرلی پیمنٹ سسٹمز ریویو” میں جاری کیے گئے۔ رپورٹ کے مطابق ڈیجیٹل ادائیگی چینلز نے مجموعی ریٹیل ٹرانزیکشنز میں 89 فیصد حصہ ڈالا، جن میں موبائل ایپ بینکنگ کا کردار نمایاں رہا۔ ریٹیل ادائیگیوں کی تعداد میں 12 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 2,408 ملین ٹرانزیکشنز تک پہنچ گئیں جن کی مجموعی مالیت 164 کھرب روپے رہی۔

اسی سہ ماہی کے دوران اسٹیٹ بینک کے ڈیجیٹل ادائیگی پلیٹ فارم “راست” نے 371 ملین ٹرانزیکشنز پروسیس کیں جن کی مالیت 8.5 کھرب روپے تھی۔ راست کے آغاز سے اب تک مجموعی طور پر 1.5 ارب سے زائد ٹرانزیکشنز ہو چکی ہیں جن کی مالیت 34 کھرب روپے سے تجاوز کر چکی ہے۔ اس کے علاوہ ریئل ٹائم گراس سیٹلمنٹ سسٹم (RTGS) کے ذریعے 1.5 ملین بڑی مالیاتی ٹرانزیکشنز کی گئیں جن کی مجموعی مالیت 347 کھرب روپے ریکارڈ کی گئی۔

یہ رپورٹ ملک میں مالی وسائل کی غیر مساوی تقسیم، کمزور مالی شمولیت اور ڈیجیٹل بینکاری کے تیزی سے فروغ کی واضح عکاسی کرتی ہے۔