بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان میں الیکٹرک گاڑی کے فروغ کیلئے حکومت کے بڑے فیصلے

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں الیکٹرک وہیکلز کے فروغ کے لیے بڑے فیصلے کر لیے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت بے روزگار افراد کو ترجیحی بنیادوں پر الیکٹرک رکشے اور لوڈر فراہم کرے گی تاکہ روزگار کے مواقع بڑھائے جا سکیں۔

ٹاپرز طلبہ کے لیے مفت الیکٹرک بائیکس
وزیراعظم نے اعلان کیا ہے کہ وفاقی اور دیگر تعلیمی بورڈز کے انٹرمیڈیٹ سطح کے ٹاپرز کو مفت الیکٹرک بائیکس دی جائیں گی، تاکہ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہو اور تعلیمی میدان میں مقابلے کا رجحان بڑھے۔

کم آمدنی والے افراد کو سہولتیں، خواتین کے لیے خصوصی کوٹہ
اس اسکیم میں معاشی طور پر کمزور طبقے کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ خواتین کے لیے 25 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے جبکہ بلوچستان کا کوٹہ 10 فیصد تک بڑھانے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔

آسان شرائط پر قرض اور ایک لاکھ سے زائد الیکٹرک بائیکس
اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت عوام کو ایک لاکھ سے زائد الیکٹرک بائیکس اور تین ہزار سے زائد رکشے و لوڈرز آسان شرائط اور کم لاگت پر فراہم کرے گی۔ یہ سہولت قرض کے ذریعے مہیا کی جائے گی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ الیکٹرک وہیکلز کے فروغ سے اربوں ڈالر کا زرمبادلہ بچایا جا سکتا ہے، جبکہ ماحولیاتی تحفظ میں بھی مدد ملے گی۔

الیکٹرک وہیکلز کے لیے مکمل ایکو سسٹم کی تشکیل
اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملک میں الیکٹرک وہیکلز کی تیاری اور مینٹیننس کے لیے مکمل ایکوسسٹم تیار کیا جائے تاکہ مقامی صنعت کو فروغ ملے۔وزیراعظم نے زور دیا کہ اسکیم میں دی جانے والی تمام گاڑیاں بین الاقوامی معیار کی ہوں اور ان کی سیفٹی خصوصیات پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

بیٹری انڈسٹری میں نئی سرمایہ کاری
اجلاس کو بتایا گیا کہ اس اسکیم کی بدولت ملک میں بیٹری بنانے والی چار نئی کمپنیاں کام کا آغاز کر رہی ہیں، جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن اور آگاہی مہم کی ہدایت
وزیراعظم نے اسکیم کے شفاف نفاذ کے لیے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن اور عوامی آگاہی مہم چلانے کی ہدایت بھی دی۔