بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

لاہور ہائی کورٹ میں 27ویں ترمیم کے خلاف آئینی درخواست دائر

لاہور ہائی کورٹ میں آئین کی 27ویں ترمیم کے خلاف آئینی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ یہ درخواست وکلا منیر احمد اور میاں شبیر اسماعیل کی جانب سے محمد اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے ذریعے جمع کروائی گئی۔
درخواست گزاروں کا مؤقف ہے کہ یہ ترامیم آئین کے بنیادی ڈھانچے کے منافی ہیں اور 1973ء کے آئین کی روح کے خلاف ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے اصل اختیار کو ختم کر کے وفاقی آئینی عدالت کو اوپر بٹھا دیا گیا، جس سے عدلیہ کی آزادی اور سپریم کورٹ کی حیثیت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کی 60 سالہ عدالتی تاریخ کو نقصان پہنچایا گیا اور یہ اقدام عدالتی روایت اور نظام انصاف کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔ وفاقی آئینی عدالت کبھی اصل آئینی اسکیم کا حصہ نہیں رہی، اور موجودہ اسمبلی حقیقی آئین ساز اسمبلی نہیں ہے، لہٰذا اسے اتنی بڑی ترامیم کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔ درخواست گزاروں کے مطابق یہ ترامیم اسلامی دفعات، عدالتی خودمختاری اور بنیادی حقوق کے بھی خلاف ہیں۔
درخواست گزاروں نے بتایا کہ عدالت میں جانے سے قبل صدر، وزیراعظم، چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کو قانونی نوٹس بھیجا گیا، لیکن ترامیم اس کے باوجود منظور کر لی گئیں۔ ان کا کہنا ہے کہ آئین ایک عوامی معاہدہ ہے، جس میں عوامی رائے کے بغیر تبدیلی ممکن نہیں۔ ترامیم نہ تو پارلیمنٹ میں تفصیلی بحث کے بعد کی گئیں اور نہ شفاف قانون سازی کے طریقہ کار کے تحت۔
مزید کہا گیا کہ ترامیم رات کے اندھیروں میں منظور کی گئیں اور قومی سطح پر کھلی بحث یا سول سوسائٹی، صحافیوں اور دیگر طبقات کی رائے شامل نہیں کی گئی۔ درخواست گزار عدالت سے استدعا کرتے ہیں کہ یہ ترامیم فوری طور پر معطل کی جائیں اور کالعدم قرار دی جائیں۔