وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکس چوری روکنے اور تمباکو، ٹائلز سمیت دیگر بڑے شعبوں میں ٹیکس وصولی کے نظام میں موجود خامیوں کو دور کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحات کا مقصد ایف بی آر کو جدید، شفاف اور مؤثر ادارہ بنانا اور ٹیکس نظام کو مضبوط کرنا ہے تاکہ ملک میں سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وزیر خزانہ، وزیر پٹرولیم، وزیر موسمیاتی تبدیلی، صوبائی چیف سیکرٹریز اور ایف بی آر کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ٹیرف اصلاحات اور دیگر معاشی اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں، جس کے باعث درآمدی سطح پر ڈیوٹی اور ٹیکس کی وصولی میں 25 فیصد اضافہ ہوا ہے، حالانکہ قابل ڈیوٹی مصنوعات کی مقدار میں صرف 3.6 فیصد اضافہ ہوا۔
وزیراعظم نے ایف بی آر اور فنانس ٹیم کو شاباش دی اور ہدایت کی کہ اصلاحات کے عمل کو مزید تیز کیا جائے تاکہ پاکستان معاشی چیلنجز سے نکل کر پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کر سکے۔









