قلعہ سیف اللہ میں منشیات کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھنگ کی کاشت میں ملوث زمینداروں کی فہرست مرتب کرلی ہے، جسے اب سرکاری سطح پر آگے بھیج دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ساگر کمار نے بتایا کہ جن افراد کے نام بھنگ کی غیرقانونی کاشت میں سامنے آئے ہیں، ان کی تفصیلات باقاعدہ طور پر محکمہ داخلہ کو ارسال کر دی گئی ہیں۔ ساتھ ہی ان افراد کو فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کی سفارش بھی کر دی گئی ہے تاکہ ان پر سخت نگرانی اور مؤثر قانونی کارروائی ممکن ہو سکے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو منشیات کے تباہ کن اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے انتظامیہ مکمل سنجیدگی کے ساتھ عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے علاقوں میں کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوراً نشاندہی کریں تاکہ ضلعی انتظامیہ کی زیرو ٹالرنس پالیسی مزید مضبوط ہوسکے۔
ساگر کمار کا یہ بھی کہنا تھا کہ قلعہ سیف اللہ کو ایک پرامن اور محفوظ ضلع بنانے کے لیے انتظامیہ پرعزم ہے، اور قانون شکنی کے خلاف سخت اور بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
قلعہ سیف اللہ میں بھنگ کے کاشت کاروں کے خلاف گھیرا تنگ، ملزم زمینداروں کی فہرست تیار








