بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان کو OPCW کی ایگزیکٹو کونسل کے لیے دوبارہ منتخب کر لیا گیا

پاکستان کو تنظیم برائے انسدادِ کیمیائی ہتھیار (OPCW) کی ایگزیکٹو کونسل کے لیے دوبارہ منتخب کر لیا گیا ہے، جو 2026ء سے 2028ء تک اپنے عہدے پر خدمات انجام دے گا۔
دفتر خارجہ کے جاری بیان کے مطابق یہ انتخاب 24 تا 28 نومبر کو دی ہیگ میں منعقدہ OPCW کانفرنس کے 30ویں اجلاس کے دوران ہوا۔
کیماوی ہتھیاروں کے خاتمے کے عالمی معاہدے، کیمیکل ویپن کنونشن (CWC)، کے تحت 193 رکن ممالک نے کیمیائی ہتھیاروں کی مکمل تخفیف کو یقینی بنایا ہے۔ OPCW کی ایگزیکٹو کونسل اس تنظیم کا اہم پالیسی ساز ادارہ ہے، جو معاہدے پر مؤثر عملدرآمد اور اس کی پاسداری کی نگرانی کرتا ہے۔
پاکستان 1997ء میں CWC کی توثیق کے بعد سے OPCW کا فعال رکن ہے اور ایگزیکٹو کونسل میں مسلسل خدمات انجام دیتا آ رہا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان ہمیشہ معاہدے کے مقاصد کے حصول میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کرتا رہا ہے۔
OPCW کی 41 رکنی ایگزیکٹو کونسل میں پاکستان کا دوبارہ انتخاب، تنظیم میں اس کے مثبت کردار اور دیگر رکن ممالک کے اعتماد کا مظہر ہے۔