بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

خواجہ آصف کا پی ٹی آئی قیادت پر سخت ردعمل: “ہمت ہے تو پاکستان آ کر لڑیں”

وزیر دفاع خواجہ آصف نے بیرونِ ملک مقیم پی ٹی آئی رہنماؤں کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پہلے ملک کو لوٹ کر بھاگ گئے اور اب باہر بیٹھ کر پاکستانیوں سے پیسے بٹور کر پرتعیش زندگی گزار رہے ہیں۔ اگر واقعی ہمت رکھتے ہیں تو پاکستان واپس آکر اپنی سیاسی جنگ لڑیـں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ بیرونِ ملک موجود یہ افراد یورپ میں جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے خلاف مہم چلا کر کھلی غداری کا ارتکاب کر رہے ہیں۔ پاکستان کی لڑائیاں پاکستان کی زمین پر لڑنی چاہییں۔
انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید اور نواز شریف نے بھی سیاست میں مشکل وقت دیکھا، جیلیں کاٹیں، ان کے خاندانوں کو بھی انتقامی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑا، لیکن دونوں نے کبھی ملک کے مفادات کو نشانہ نہیں بنایا۔ انہوں نے اپنی سیاسی جدوجہد پاکستان میں رہ کر کی اور اس کی قیمت بھی ادا کی، مگر وطن پر آنچ نہیں آنے دی۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ عمران خان اور ان کی ٹیم نے اقتدار جانے کے بعد پہلے آئی ایم ایف کو خط لکھ کر ملک کو دیوالیہ کرنے کی کوشش کی اور اب پاکستان کی برآمدات کو نقصان پہنچانے کے لیے لابنگ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسا کام بھارت کرے تو سمجھ آتی ہے، لیکن خود کو پاکستانی کہنے والے جب ایسا کریں تو انہیں “ننگِ وطن اور غدار” ہی کہا جائے گا۔