اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات قبضے میں لے لی۔
تفصیلات کے مطابق اے این ایف نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر پنجگور میں ایک بین الاقوامی ڈرگ ٹریفکنگ گروہ کی مسلسل نگرانی کی۔ کارروائی کے دوران ایم 8 گوادر سی پیک روڈ پر ایک گیس کنٹینر کو روکا گیا۔ تلاشی لینے پر 553.5 کلوگرام آئس اور 40 کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی، جن کی مجموعی مالیت عالمی مارکیٹ میں تقریباً 154.15 ملین امریکی ڈالر بتائی جا رہی ہے۔ کارروائی کے نتیجے میں اسمگلنگ نیٹ ورک سے تعلق رکھنے والے دو کارندوں کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔
اے این ایف کے مطابق یہ گروہ بدنام اسمگلر علی جان کی سربراہی میں افغانستان سے منشیات کو پنجگور، تربت، گوادر اور پسنی کے راستے منتقل کرتا تھا۔
اے این ایف نے ملک بھر میں دیگر 9 کارروائیاں بھی کیں جن میں خاتون سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ان آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 655.80 کلوگرام منشیات برآمد ہوئیں جن کی مالیت 6 کروڑ 86 لاکھ روپے سے زائد ہے۔
یارو ریلوے کراسنگ پشین کے قریب ایک موٹرسائیکل سوار سے 7 کلوگرام چرس ملی، جبکہ گرفتار ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلبا کو منشیات فروخت کرتا تھا۔
چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں کوریئر آفس سے نیدرلینڈز سے آئے ایک پارسل میں سے 6 گرام کوکین بھی پکڑی گئی۔
دیگر کارروائیوں میں: یارو، ضلع پشین میں ہوٹل کے قریب 14 کلوگرام چرس
ایسٹرن بائی پاس کوئٹہ پر موٹرسائیکل سوار سے 14 کلوگرام
نیشنل ہائی وے حیدرآباد پر گاڑی سے 12 کلوگرام
اسلام آباد کے سیکٹر جی-10 میں گاڑی سے 1.8 کلوگرام آئس اور 800 گرام افیون
اسلام آباد کے منڈی موڑ کے قریب 7.2 کلوگرام چرس
سوئی کاریز، ضلع چمن سے 100 کلوگرام آئس
اور تربت کے خلیل آباد میں کارروائی کے دوران 499 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
تمام کارروائیوں کے بعد انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
منشیات اسمگلنگ کے خلاف اے این ایف کی ایک اور بڑی کامیابی








