اسلام آباد (صغیر چوہدری) – ایف آئی اے نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی سختی سے تردید کی، جن میں کہا جا رہا تھا کہ ائیرپورٹس سے مسافروں کو زبردستی آف لوڈ کیا جا رہا ہے۔
ایف آئی اے کے ترجمان نے شہریوں کو اہم پیغام دیتے ہوئے کہا کہ کچھ عناصر سوشل میڈیا پر من گھڑت اور گمراہ کن معلومات شیئر کر رہے ہیں، جن کا مقصد ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانا اور عوام میں غیر ضروری تشویش پیدا کرنا ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ ایف آئی اے کسی بھی مسافر کو آف لوڈ نہیں کرتا، بشرطیکہ اس کی سفری دستاویزات مکمل ہوں اور سفر کا مقصد جائز ہو۔ مسافروں کی حفاظت ادارے کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ غیر قانونی ایجنٹس پر بھروسہ نہ کریں اور ہمیشہ مکمل اور تصدیق شدہ دستاویزات کے ساتھ سفر کریں۔ کسی بھی رہنمائی یا شکایت کے لیے مسافر ائیرپورٹ پر موجود ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن یا ایف آئی اے ہیلپ لائن 1991 سے رابطہ کر سکتے ہیں۔









