اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ حکومت کے نظام چلانے کے انداز نے ملک میں غیر یقینی صورتحال پیدا کر دی ہے اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے اس کا پردہ چاک کر دیا ہے۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس میں ضمنی انتخابات اور حکومتی اقدامات پر تشویش کا اظہار کیا۔ مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ اس وقت ملک میں آئین، قانون اور عدلیہ کی وقعت تقریباً ختم ہو چکی ہے، اور ضمنی انتخابات میں جو کچھ ہوا، وہ سب کے سامنے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت جس طرح نظام چلا رہی ہے، آئی ایم ایف نے بیچ چوراہے بھانڈا پھوڑ دیا ہے، اور جس ملک میں 5 ہزار ارب سے 6 ہزار ارب کی کرپشن ہو، وہاں کیا حال ہوگا۔
انہوں نے آزاد کشمیر کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں لوگوں کو دوسری پارٹی میں شامل کیا گیا، اور عوام نے نظام کو اپنے ہاتھ میں لینے کی کوشش کی۔ مصطفیٰ نواز کھوکھر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی اس وقت سیاسی طور پر مقبول ترین لیڈر ہیں، لیکن قانون کی کتابوں کی وقعت ختم کر دی گئی ہے، اور ملک میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما تیمور جھگڑا نے بھی ضمنی انتخابات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمشنر نے اپنی رپورٹ میں عدلیہ کی آزادی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا پر جتنا بھی کنٹرول کیا جائے، عوام کے ذہن کو نہیں روکا جا سکتا۔
تیمور جھگڑا نے ضمنی انتخابات میں شفافیت کے مسائل کی طرف بھی اشارہ کیا اور کہا کہ شہر ناز، عمر ایوب اور بابر نواز کے ووٹوں کی تفصیلات میں بے قاعدگیاں ہیں، اور الیکشن کمیشن نے ابھی تک فارم 45، 46 اور 47 ریلیز نہیں کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہر ووٹ شفاف ہو اور الیکشن کے نام پر اربوں روپے ضائع نہ ہوں۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر: آئی ایم ایف نے حکومت کے نظام کا بیچ چوراہے بھانڈا پھوڑ دیا








