وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے بانی پاکستان سے متعلق ریاستی ادارے کے موقف کو واضح اور قابل تحسین قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ شخص جو پاک فوج کے خلاف جھوٹا بیانیہ پھیلانے اور منفی مہم چلانے کی کوشش کرتا ہے، کسی رعایت کا مستحق نہیں۔
اویس لغاری نے 5 دسمبر کو ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس کو پوری قوم کی آواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں سچائی اور شفافیت نمایاں تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ خود کو عقل کل سمجھنے والا یہ شخص بھول گیا تھا کہ وہ دراصل مخصوص قوتوں کا آلہ کار تھا، اور ترجمان پاک فوج نے اس کا اصل چہرہ قوم کے سامنے بے نقاب کر دیا۔
وفاقی وزیر نے زور دیا کہ آزادیٔ اظہار اہم ہے، لیکن یہ کبھی بھی ملکی سالمیت اور فوجی وقار سے بالاتر نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ آزادیٔ اظہار کے نام پر دشمنی پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کی مکمل حمایت کی جاتی ہے۔
اویس لغاری نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کی بھی تعریف کی، جنہوں نے 8 گنا طاقتور دشمن کو شکست دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا اور پاکستان کے عالمی وقار میں اضافہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف واضح اور مضبوط پالیسی فیلڈ مارشل کا قابلِ فخر کارنامہ ہے، اور پاکستان ان کی قیادت میں ترقی اور وقار کے راستے پر گامزن رہے گا۔









