بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فیصل واوڈا:مائنس ون نہیں تو پی ٹی آئی پوری مائنس، اب ایک انچ بھی برداشت نہیں کیا جائے گا

 

پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما و سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ اگر مائنس ون نہیں ہوگا تو پی ٹی آئی کے لیے اب کسی رعایت کی گنجائش نہیں، اور اب ایک انچ بھی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ صورت حال سخت ہوگی اور اب رگڑ دینے کی سیاست شروع ہوگی۔
نجی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے پی ٹی آئی کی موجودہ مقبولیت ختم ہونے کا دعویٰ کیا اور کہا کہ یہ جماعت اقتدار اور دولت کی جنگ میں مصروف ہے، جبکہ ملک سے محبت نہیں کر رہی۔ اُن کے مطابق، یہ جھگڑا سیاستدانوں کے آپس کے اختلافات کا نتیجہ ہے اور اب صبر کی گنجائش ختم ہو چکی ہے۔
فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ اب کسی بھی ایکشن کا ڈبل ری ایکشن ہوگا، اور پیر سے سیاسی سرگرمیاں شدت اختیار کریں گی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کی حالیہ پریس کانفرنس کے بعد بہت سے افراد نے اپنے آپ کو تسلیم کر لیا ہے، لیکن پی ٹی آئی کے بانی کی بہنوں نے ایسی معلومات فراہم کیں جن کے بارے میں حکومت کو معلوم نہیں تھا، جس سے پارٹی کی کمزوری سامنے آئی۔
اسی پروگرام میں مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ ملک میں سیاسی تقسیم اتنی بڑھ گئی ہے کہ نیشنل ڈائیلاگ کے بغیر کوئی راستہ باقی نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاست میں مسائل کا حل ہمیشہ بات چیت اور ڈائیلاگ کے ذریعے نکلتا ہے، اور اگر پی ٹی آئی کے بانی سے ملاقات کا سلسلہ بحال کیا جائے تو مذاکرات کی راہ کھل سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ترقی سب کا مقصد ہونا چاہیے اور عوام کا اختیار ہے کہ وہ کسی بھی جماعت کے ساتھ کھڑے ہوں یا نہ ہوں۔ جب کسی کو وقت سے پہلے فارغ کر دیا جاتا ہے، تو عوام ان کے ساتھ کھڑے ہو جاتے ہیں، جیسا کہ نواز شریف کے ساتھ ہوا اور ووٹ کو عزت دو کا نعرہ سامنے آیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا تھا کہ ریاست پاکستان سے بڑھ کر کچھ نہیں، اور ایک شخص کی خواہشات کے سبب مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ اس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے واضح کیا کہ اب پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو جیل ملاقات یا عوامی جلسے کی اجازت نہیں ہوگی۔ عطا تارڑ نے کہا کہ اگر کوئی معذرت کرے اور پارٹی کے بیانات پر شرمندگی ظاہر کرے تو اس پر غور کیا جا سکتا ہے، لیکن بغیر بانی پی ٹی آئی کے بات چیت نہیں ہوگی۔