امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے متعلق اہم پیش رفت کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ صورتحال کے حوالے سے اچھی خبر موجود ہے اور کل کوئی بڑا سرپرائز سامنے آ سکتا ہے۔ ان کے بیان نے نئی قیاس آرائیوں کو جنم دے دیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایران کے ساتھ معاہدہ نہ ہوا تو ایرانی بندرگاہوں پر عائد امریکی پابندیاں برقرار رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کل کچھ اہم ہونے والا ہے اور ان کے خیال میں یہ ایک مثبت پیش رفت ہوگی۔
ٹرمپ نے مزید انکشاف کیا کہ ایک بہت اچھی اور ذہین شخصیت کل وائٹ ہاؤس آ رہی ہے، جو اپنے ملک اور عالمی معاملات کے بارے میں گہری فکر رکھتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس ملاقات کے بعد صبح ایک غیرمعمولی نیوز کانفرنس بھی کی جائے گی، جس میں اہم اعلان متوقع ہے۔
مزید پڑھیں:ٹرمپ کا پاکستان، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراجِ تحسین
ادھر ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو تمام کمرشل جہازوں کے لیے کھولنے کے اعلان کو بھی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم ایرانی حکام نے واضح کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کھلے رکھنے کا فیصلہ جنگ بندی یا سیز فائر کی پابندی سے مشروط ہوگا۔ اگر کسی بھی فریق نے معاہدے کی خلاف ورزی کی تو ایران دوبارہ آبنائے ہرمز بند کرنے کا اختیار محفوظ رکھتا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ٹرمپ کے بیان، ایران کے مؤقف اور متوقع نیوز کانفرنس کو خطے میں ممکنہ سفارتی پیش رفت، پابندیوں میں نرمی یا کسی عبوری سمجھوتے سے جوڑا جا رہا ہے۔ تاہم حتمی صورتحال کل متوقع اعلان کے بعد ہی واضح ہو سکے گی۔









