بھارت کی شمال مشرقی ریاست منی پور(Manipur) میں کشیدگی میں شدت آگئی ہے جہاں عوام اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان شدید جھڑپوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جبکہ مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔
رپورٹس کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی(bjp) کی پالیسیوں کے خلاف عوامی ردعمل میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کے باعث متعدد شہروں میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔
بھارتی جریدے ہندوستان ٹائمز کے مطابق ضلع امپھال میں بڑی تعداد میں مظاہرین جمع ہوئے جہاں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں۔ مظاہرین نے فورسز کے خلاف شدید نعرے بازی کی جبکہ حالات کشیدہ ہو گئے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے احتجاجی ریلی کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی، جس کے جواب میں مظاہرین نے پتھراؤ کیا۔ جھڑپوں کے نتیجے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
مزیدپڑھیں:افغان طالبان رجیم کانیافوجداری ضابطہ منظم جبراورآمریت کی علامت
ماہرین کے مطابق منی پور کے دیگر اضلاع میں بھی عوام سڑکوں پر موجود ہیں اور حکومتی اقدامات کے خلاف احتجاج کا دائرہ وسیع ہو رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بڑھتا ہوا عوامی غم و غصہ خطے میں عدم استحکام کو مزید بڑھا سکتا ہے، جبکہ موجودہ صورتحال آئندہ دنوں میں مزید شدت اختیار کرنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔









