وزیرِ اعظم شہباز شریف(shahbaz sharif) سعودی عرب، قطر اور ترکیہ پر مشتمل اپنا سہ ملکی دورہ مکمل کرکے ترکیہ کے شہر انطالیہ سے پاکستان روانہ ہو گئے۔
انطالیہ ایئرپورٹ پر ترکیہ کی وزارتِ خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل سفیر تولگا برمیک، سفیر نیلوفر کیگسیز، ترک پارلیمنٹ کے رکن برہان قایاترک اور ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کو الوداع کیا۔
وزیرِ اعظم کا یہ تین روزہ دورہ سعودی عرب، قطر اور ترکیہ پر مشتمل تھا، جس کے دوران انہوں نے تینوں برادر ممالک کی قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں اور دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
دورے کے دوران وزیرِ اعظم نے انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں بھی شرکت کی، جہاں انہوں نے عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کرتے ہوئے خطے میں امن کے قیام اور تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کیا۔

مزیدپڑھیں:نیوزی لینڈ نے پہلے ون ڈے میں بنگلادیش کو شکست دے دی
انہوں نے اپنے دورے میں برادر ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، اقتصادی و سفارتی تعاون بڑھانے اور خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیرِ اعظم کے ہمراہ وفد میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی اور ترجمان برائے غیر ملکی میڈیا مشرف زیدی شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق اس دورے سے پاکستان کے برادر ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور علاقائی امن کے لیے مشترکہ حکمت عملی کو تقویت ملنے کی توقع ہے۔









