اقوام متحدہ کے بچوں کے ادارے یونیسیف (UNICEF) نے غزہ میں صاف پانی فراہم کرنے والے دو ٹرک ڈرائیوروں کی ہلاکت پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔
یونیسیف کے مطابق یہ واقعہ شمالی غزہ میں ایک واٹر فلنگ پوائنٹ پر پیش آیا، جہاں معمول کے مطابق پانی کی ترسیل کی جا رہی تھی۔ حملے میں دو افراد جاں بحق جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے۔
ادارے نے واقعے کے بعد مذکورہ مقام پر تمام سرگرمیاں معطل کرتے ہوئے اسرائیلی حکام سے فوری تحقیقات اور مکمل احتساب کا مطالبہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں:لبنان میں حملے میں یو این امن مشن کے ساتھ تعینات فرانسیسی فوجی ہلاک
یونیسیف نے اپنے بیان میں کہا کہ انسانی ہمدردی کے کارکنان، بنیادی سہولیات فراہم کرنے والے افراد اور شہری انفراسٹرکچر کو کبھی نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔
ادارے نے اس بات پر زور دیا کہ شہریوں اور امدادی خدمات انجام دینے والوں کا تحفظ بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت ایک بنیادی ذمہ داری ہے۔
یہ واقعہ غزہ میں جاری کشیدگی کے دوران انسانی بحران میں مزید اضافے کا باعث بن رہا ہے۔









