بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسلام آباد میں ٹریفک ایڈوائزری جاری ،غیر ملکی وفود کی آمد پر خصوصی انتظامات

 وفاقی دارالحکومت میں غیر ملکی وفود کی آمد کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹریفک پلان(Traffic plan) جاری کر دیا ہے، جو 19 اپریل 2026 سے تاحکمِ ثانی نافذ العمل رہے گا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق ریڈ زون اور توسیعی ریڈ زون کو مکمل طور پر بند رکھا جائے گا، جبکہ شہر کی اہم شاہراہوں پر مختلف اوقات میں ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔ شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔

ایڈوائزری کے مطابق:

  • کورال سے زیرو پوائنٹ تک ایکسپریس وے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے گا۔
  • سری نگر ہائی وے پر بھی سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر وقفے وقفے سے ٹریفک روکی جا سکتی ہے۔
  • سیکٹر G-6، G-7، G-5 اور F-6، F-7 کے رہائشیوں کو راولپنڈی آنے جانے کے لیے مارگلہ روڈ اور 9th ایونیو استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
  • فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ جانے والی ٹریفک کو 9th ایونیو کی طرف موڑا جائے گا۔
  • زیرو پوائنٹ سے کورال چوک بند ہونے کی صورت میں متبادل راستوں کے طور پر سری نگر ہائی وے، 9th ایونیو اور اسٹیڈیم روڈ استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
  • پارک روڈ اور کلب روڈ کی بندش کی صورت میں ٹریفک کو ترامری چوک کی جانب منتقل کیا جائے گا۔
  • بھارہ کہو سے راولپنڈی آنے جانے والوں کو رنگ روڈ، بنی گالہ اور لہتراڑ روڈ استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

مزید برآں، راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان سفر کرنے والوں کے لیے کرنل شیر خان روڈ، فقیر ایپی روڈ اور 9th ایونیو متبادل راستے کے طور پر تجویز کیے گئے ہیں۔

مزیدپڑھیں:فرانسیسی صدر کا اٹلی کی وزیراعظم کا گرم جوشی سے استقبال، ویڈیو وائرل

ہیوی ٹریفک کے حوالے سے بھی خصوصی پلان ترتیب دیا گیا ہے:

  • پشاور سے لاہور جانے والی ہیوی ٹریفک کو ٹیکسلا سے موٹروے، چکری انٹرچینج اور چک بیلی روڈ کے ذریعے روات کی طرف بھیجا جائے گا۔
  • لاہور سے پشاور جانے والی ہیوی ٹریفک کو روات سے چک بیلی روڈ اور چکری انٹرچینج کے ذریعے موٹروے پر منتقل کیا جائے گا۔

ٹریفک پولیس نے واضح کیا ہے کہ 19 اپریل سے اسلام آباد میں ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ مکمل طور پر بند رہے گا۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تازہ ترین ٹریفک اپڈیٹس کے لیے ایف ایم 92.4 اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کے واٹس ایپ چینل سے رابطے میں رہیں۔

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور جاری کردہ ٹریفک پلان پر عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔