بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

تربیلا سے اخراج بڑھنے پر پن بجلی کی پیداوار 5800 میگاواٹ تک پہنچ گئی

پاور ڈویژن(Power Division) کے ترجمان نے 23 اپریل کی رات پیک اوقات میں بجلی کی صورتحال سے متعلق بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں بجلی کی طلب میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

ترجمان کے مطابق تربیلا ڈیم سے پانی کے اخراج میں اضافے کے باعث پن بجلی کی پیداوار میں بہتری آئی اور پیک ٹائم کے دوران مجموعی طور پر 5800 میگاواٹ پن بجلی پیدا کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں پن بجلی کی مجموعی استعداد 11 ہزار 500 میگاواٹ ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پن بجلی کی پیداوار میں اضافے اور گرڈ کے استحکام کے باعث ملک کے جنوبی حصوں سے نیشنل گرڈ میں مزید 500 میگاواٹ بجلی کی ترسیل ممکن ہوئی، جبکہ 22 اپریل کے مقابلے میں 100 میگاواٹ اضافی بجلی بھی منتقل کی گئی۔

مزیدپڑھیں:اسلام آباد مذاکرات کا دوسرا دور، ایران امریکہ ڈیڈ لاک برقرار
ترجمان نے بتایا کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے پیک اوقات میں تقریباً دو گھنٹے تک لوڈ مینجمنٹ کی، جبکہ زیادہ نقصانات والے فیڈرز پر پالیسی کے تحت اکنامک لوڈ مینجمنٹ جاری ہے، جس کا پیک ٹائم لوڈ مینجمنٹ سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی حالات کے باعث ایل این جی کی عدم دستیابی کی وجہ سے تقریباً 5500 میگاواٹ کے پاور پلانٹس سے بجلی پیدا نہیں ہو رہی، تاہم ایل این جی کی فراہمی میں بہتری اور پانی کے اخراج میں اضافے سے رات کے اوقات میں بجلی کے شارٹ فال پر قابو پایا جا سکتا ہے۔