بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

یوکرین پر روسی حملے، 5 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی

کیف: یوکرین (Ukraine) کے مختلف علاقوں پر رات بھر جاری روسی حملوں میں کم از کم 5 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں، جبکہ کئی شہروں میں شدید تباہی رپورٹ ہوئی ہے۔
یوکرینی حکام کے مطابق سب سے زیادہ نقصان مرکزی شہر ڈنیپرو میں ہوا، جہاں درجنوں افراد زخمی ہوئے، جن میں ایک نو سالہ بچہ اور دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ عمارتوں میں امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
شمالی علاقے چرنہیف کے شہر نزین میں دو افراد ہلاک ہوئے، جبکہ خارکیف اور دیگر علاقوں میں بھی شہری زخمی ہوئے۔ ڈونیٹسک کے مختلف شہروں میں رہائشی عمارتوں، دکانوں، ڈاک خانے اور ایک چرچ کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
یوکرینی فضائیہ کا کہنا ہے کہ روس نے بڑے پیمانے پر حملے کرتے ہوئے درجنوں میزائل اور سینکڑوں ڈرونز استعمال کیے، تاہم زیادہ تر کو فضائی دفاعی نظام نے ناکارہ بنا دیا۔
صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روس کی حکمت عملی بدستور شہری انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے پر مرکوز ہے، جس سے عام شہری سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔
یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب ایک روز قبل اوڈیسا میں روسی حملے کے دوران ایک بزرگ جوڑا ہلاک ہوا تھا اور متعدد عمارتیں تباہ ہو گئی تھیں۔
دوسری جانب یورپی یونین نے روس کے خلاف توانائی، بینکنگ اور تجارتی شعبوں میں نئی پابندیوں کی منظوری دی ہے، جبکہ یوکرین نے عالمی برادری سے دباؤ مزید بڑھانے کی اپیل کی ہے۔