دفاعِ وطن کے عزم سے سرشار پاک فضائیہ(Pakistan Air Force) نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ وہ ہر قسم کی جارحیت کا مؤثر اور فوری جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حالیہ حالات کے پیشِ نظر پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق معرکۂ حق سے قبل پاک فضائیہ نے تین روزہ بھرپور جنگی مشقوں “ضربِ حیدری” کا انعقاد کیا، جس کا مقصد کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے جنگی صلاحیتوں کو مزید نکھارنا اور حتمی شکل دینا تھا۔ ان مشقوں میں جے ایف-17 تھنڈر اور ایف-16 سمیت جدید لڑاکا طیاروں نے حصہ لیا اور اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا عملی مظاہرہ کیا۔
ذرائع کے مطابق بدلتی ہوئی علاقائی سیکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف آپریشنل ایئربیسز کو مکمل طور پر فعال کیا گیا، جبکہ جنگی طیاروں کی اسٹریٹجک تعیناتی کے ذریعے نہ صرف مسلح افواج کو لاجسٹک سپورٹ فراہم کی گئی بلکہ کسی بھی ممکنہ مہم جوئی کے سنگین نتائج سے بھی آگاہ کیا گیا۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ ان مشقوں اور عملی تیاریوں نے واضح کر دیا تھا کہ پاکستان اپنی فضائی حدود کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ ان کے مطابق معرکۂ حق کے دوران پاک فضائیہ نے جرات اور مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے جنگی طیاروں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جو دفاعی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل تصور کیا جا رہا ہے۔
مزیدپڑھیں:پاکستان میں رومانیہ کے سفیر ڈین اسٹونیسکو کی روسی ڈرون حملے کی مذمت
ماہرین کے مطابق پاک فضائیہ کی جدید حکمت عملی، پیشہ ورانہ تربیت اور بروقت ردعمل نے اسے خطے کی ایک مضبوط اور قابلِ اعتماد فضائی قوت کے طور پر مزید مستحکم کر دیا ہے۔









