امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ(Donald Trump) نے بیانات کے بعد اب تصاویر کے ذریعے ایران کو دھمکانا شروع کردیا ہے۔ یہ دھمکی پوسٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اہم تجارتی گزرگاہ ’آبنائے ہرمز‘ بدستور بند ہے اور امریکا اور ایران مذاکرات بظاہر تعطل کا شکار ہیں۔
صدر ٹرمپ نے بدھ کے روز اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر ایک پوسٹ میں ایران کو دھمکی دی ہے کہ وہ جلدی کرے اور سمجھ داری دکھائے۔
اس پوسٹ کے ساتھ ’اے آئی‘ سے تیار کردہ ایک تصویر بھی شامل ہے جس میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ہاتھ میں بندوق ہے، پس منظر میں دھماکے اور تباہی کی عکس بندی کی گئی ہے اور تصویر پر انگریزی میں عبارت درج ہے کہ ’اب شرافت دکھانے کا وقت نہیں بچا‘۔
صدر ٹرمپ نے پوسٹ میں مزید لکھا ہے کہ ’ایران اپنے معاملات درست نہیں کر پا رہا۔ وہ نہیں جانتا کہ غیر جوہری معاہدے پر کیسے دستخط کیے جاتے ہیں۔ بہتر ہے وہ جلد ہوش کے ناخن لیں۔
❝They don’t know how to sign a nonnuclear deal❞
US President Donald Trump posted a message on Truth Social threatening Iran, saying Tehran had ‘better get smart soon’ https://t.co/Mky1AusEyS pic.twitter.com/TSvJNE4huP
— Anadolu English (@anadoluagency) April 29, 2026
واضح رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان غیر معینہ مدت تک جنگ بندی کے بعد فی الحال سفارتی کوششیں التوا کا شکار ہیں۔
امریکی مذاکراتی وفد نے گزشتہ ہفتے بات چیت کے لیے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کا دورہ کرنا تھا، تاہم صدر ٹرمپ نے عین وقت پر یہ دورہ منسوخ کر دیا تھا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ’تمام کارڈز ہمارے پاس ہیں، اگر ایران بات کرنا چاہتا ہے تو وہ ہمارے پاس آئے یا ہمیں کال کرے‘۔ اس سے قبل نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں ہونے والے مذاکرات بھی کسی حتمی معاہدے کے بغیر ختم ہو گئے تھے۔
پیر کے روز وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیوٹ نے دعویٰ کیا کہ تہران نے ایک تجویز پیش کی ہے جس کے تحت اگر امریکا ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی ختم کر دے اور جنگ کا مکمل خاتمہ ہو تو ایران آبنائے ہرمز کھول دے گا۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس تجویز میں تہران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات کو فی الحال مؤخر کرنے کی شرط رکھی گئی تھی۔ تاہم چند دیگر میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ تہران کی اس تجویز سے خوش نہیں ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ وائٹ ہاؤس اس کے جواب میں اپنی شرائط پر مبنی کوئی جوابی پیشکش سامنے لائے گا۔









