اسلام آباد میں نیشنل اکاؤنٹیبلٹی بیورو کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ (federal minister for housing)سے اہم ملاقات کی، جس میں سرکاری اثاثوں کے مؤثر استعمال، شفافیت اور احتساب کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے نیب کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماضی کی پالیسیوں کے باعث سرکاری جائیدادوں کو مالی نقصان پہنچا۔
جس کے ازالے کے لیے اصلاحات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ سرکاری اثاثوں کو جدید تقاضوں کے مطابق استعمال کرتے ہوئے انہیں پائیدار اور آمدن پیدا کرنے والے منصوبوں میں تبدیل کیا جائے۔
چیئرمین نیب نے ہاؤسنگ سیکٹر میں بہتری کے لیے بین الاقوامی ماڈلز اپنانے اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری میں پائلٹ منصوبے شروع کرنے کی تجویز دی، جبکہ شفاف پالیسیوں کے نفاذ اور بدانتظامی کے خاتمے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
اجلاس میں وزارت کے حکام نے کراچی میں سرکاری جائیدادوں کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ متعدد اثاثے قانونی تنازعات اور غیر قانونی قبضوں کا شکار ہیں، جس سے قومی خزانے کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
مزید پڑھیں:سکیورٹی کمزوریاں دور کرنے کیلئے گوگل کروم کو فوری اپ ڈیٹ کرلیں ’’ ؟؟ جانئیے کیسے ؟؟ ‘‘
ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ بہتر گورننس، شفافیت اور مؤثر پالیسی سازی کے ذریعے قومی اثاثوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا اور عوامی مفاد کو ترجیح دی جائے گی۔









