معروف اداکار، ہدایت کار اور میزبان یاسر حسین(Yasir Hussain) نے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معیار میں کمی کی ایک بڑی وجہ بھارت کو قرار دے دیا۔
اداکار نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی، جس کے دوران انہوں نے پاکستانی ڈراموں کے زوال پر کھل کر گفتگو کی۔
یاسر حسین کا کہنا ہے کہ پاکستانی اور بھارتی ڈراموں کے درمیان سب سے بڑا فرق ناظرین کا ہے، جو مواد کے معیار کو متاثر کرتا ہے، زیادہ تر بھارتی ناظرین کرنج (کم معیاری) مواد دیکھتے ہیں جبکہ پاکستانی ناظرین نسبتاً باشعور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستانی ڈراموں کا معیار بہت اعلیٰ تھا، لیکن جب یہ ڈرامے بھارت میں مقبول ہونا شروع ہوئے تو ان کے معیار میں کمی آنا شروع ہو گئی، ہمارے ڈرامہ میکرز نے بھارتی مارکیٹ کو مدِنظر رکھ کر مواد بنانا شروع کیا، جس کی وجہ سے کہانیوں اور معیار میں تبدیلی آئی۔
یاسر حسین کے مطابق بھارتی ناظرین پاکستانی ڈراموں کی کلاس اور معیار کی وجہ سے انہیں دیکھنے لگے تھے، مگر اس کے بجائے کہ ہم انہیں اپنے معیار تک لاتے، ہم خود نیچے آ گئے اور ان کے مطابق مواد بنانا شروع کر دیا۔
مزیدپڑھیں:انتظامی وجوہات اور مسافروں کی کمی، ملک بھر کی 100 سے زائد پروازیں منسوخ
ان کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں، جہاں کچھ صارفین ان سے اتفاق کر رہے ہیں جبکہ بعض اس مؤقف سے اختلاف بھی رکھتے ہیں۔









