بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان کادفاع ناقابل تسخیر ہے،زمان مہدی

شکاگو میں پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے زیر اہتمام معرکہ حق(Marka-e-haq) کی پہلی سالگرہ کی مناسبت سے ایک انتہائی باوقار اور پر اثر تقریب منعقد کی گئی جس میں مادر وطن کے دفاع کیلئے دی جانے والی قربانیوں کو بھر پور انداز میں یاد کیا گیا۔

اس خصوصی تقریب میں پاکستانی قونصل خانے کے اعلیٰ حکام، تارکین وطن کے ممتاز رہنماؤں، دانشوروں، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے اپنی افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ تقریب کا با قاعدہ آغاز قاری عبدالمنان کی جانب سے تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد معروف سماجی شخصیت سلمان انتخاب نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر وسیع اللہ خان، عامر چیلیسا ، ڈاکٹر منیر چوہدری، چوہدری منیر اختر ، رانا جاوید ، طلعت رشید اور نوید انور سمیت دیگر مقررین نے گزشتہ برس آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور غیر معمولی بہادری کا تذکرہ کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان نے عددی لحاظ سے کہیں بڑے دشمن کے سامنے اپنی جنگی صلاحیتوں اور ناقابل شکست عزم کا لوہا منوا کر دنیا کو یہ پیغام دے دیا ہے کہ ارض پاک کی سرحدیں محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا دفاع محض جدید ہتھیاروں پر نہیں بلکہ پوری قوم کے اپنی اتحاد پر منحصر ہے اور جب بھی ملکی خود مختار کو چیلنج کیا گیا تو پوری قوم نے تمام تر سیاسی اور گروہی اختلافات سے بالاتر ہو کر اپنی مسلح افواج کے پیچھے سیسہ پلائی دیوار بننے کا ثبوت دیا۔

مزیدپڑھیں:پاکستان قونصلیٹ شکاگو کے زیر اہتمام معرکہ حق کی پہلیُ سالگرہ پہ شکاگو میں تقریب کا اہتمام

پاکستانی امریکن مسیحی برادری کے نمائندے ایمیل انجم نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی تمام اقلیتیں پاکستان کے دفاع اور وقار کی خاطر اپنی مسلح افواج کے کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر محب وطن پاکستانی خواہ اس کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو، وہ افواج پاکستان کی قربانیوں پر فخر کرتا ہے اور ملک کی سلامتی کے لیے متحد ہے۔ یہ اتحاد دشمن کے ان تمام عزائم کو خاک  میں ملانے کے لیے کافی ہے جو پاکستان کے اندرونی استحکام کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

مہمان خصوصی قونصل جنرل زمان مہدی نے اپنے اختتامی خطاب میں کہا کہ معرکہ حق کی کامیابی دراصل قوم کے اس اٹل ارادے کی عکاس ہے  پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی مہم جوئی کا انجام عبرت ناک ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دشمن کے مذموم مقاصد کا واضح اور بھر پور جواب دے کر اپنے عزم اور وقار کا عملی مظاہرہ کیا۔ زمان مہدی نے اس بات پر زور دیا کہ سمندر پار بسنے والے پاکستانی ملکی دفاع کے لیے اپنی مسلح افواج کے ساتھ پوری مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں بھی اگر کسی نے پاکستان کی علاقائی سالمیت کو چیلنج کرنے کی جسارت کی تو اسے اس جرات، واضح حکمت عملی اور فیصلہ کن قومی عزم کے ساتھ جواب دیا جائے گا کیونکہ پاکستان کا دفاع ہر لحاظ سے نا قابل تسخیر ہے۔