بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

محکمہ موسمیات کی ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش (Rain)کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے کئی اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ پشاور، مردان، نوشہرہ، صوابی اور چارسدہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک متوقع ہے، جبکہ دیر، چترال، مالاکنڈ، کوہستان، بونیر، مہمند اور باجوڑ میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اسی طرح کرم، پاڑہ چنار، کرک، کوہاٹ، ایبٹ آباد، ہری پور اور مانسہرہ میں بھی مختلف مقامات پر بارش اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ سوات اور مالم جبہ میں کہیں کہیں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے، جبکہ شام کے وقت بالائی علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور گرج چمک کی توقع کی جا رہی ہے۔

مزیدپڑھیں:تہران کو اپنی پالیسیاں بدلنا ہونگی، خطے میں عدم استحکام قبول نہیں؛ ڈونلڈ ٹرمپ

محکمہ موسمیات نے پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ آج بھی جڑواں شہروں میں مزید بارش متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری ہوسکتی ہے۔

اسلام آباد، مری، راولپنڈی، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، گوجر خان، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، لیہ، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، لاہور، قصور، میانوالی، سرگودھا، جھنگ اور ملتان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔