بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

قومی اسمبلی اجلاس،پی ٹی آئی ارکان کے درمیان سخت جملوں کاتبادلہ

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پاکستان تحریک انصاف(PTI) کے ارکان کے درمیان شدید تلخ کلامی دیکھنے میں آئی، جو بعد ازاں دھکم پیل اور ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران پی ٹی آئی کے رکن اقبال آفریدی نے کورم کی نشاندہی کرنے کی کوشش کی، تاہم پارٹی رہنما جنید اکبر نے انہیں ایسا کرنے سے روکنے کی کوشش کی، جس پر دونوں ارکان کے درمیان کشیدگی پیدا ہوگئی۔

ایوان میں دونوں رہنماؤں کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا اور صورتحال اس وقت مزید خراب ہوگئی جب دونوں ایک دوسرے کے قریب آ گئے۔ دیگر ارکان نے فوری مداخلت کرتے ہوئے جنید اکبر اور اقبال آفریدی کو الگ کیا تاکہ معاملہ مزید نہ بڑھے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس ختم ہونے کے بعد بھی صورتحال کشیدہ رہی اور پی ٹی آئی کے بعض ارکان کے درمیان دوبارہ جھگڑا شروع ہوگیا۔ اس دوران ایک اور رکن اسمبلی اور اقبال آفریدی کے درمیان بھی ہاتھا پائی کی اطلاعات سامنے آئیں۔

مزیدپڑھیں:چھوٹی و درمیانی صنعتیں معیشت اور برآمدات میں کلیدی کردار رکھتی ہیں: وزیراعظم

عینی شاہدین کے مطابق ارکان نے ایک دوسرے کو سخت جملے کہے جبکہ گریبان پکڑنے اور دھکم پیل کے مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے دیگر پارلیمانی ارکان نے مداخلت کی اور معاملہ رفع دفع کرایا۔

واقعے کے بعد سیاسی حلقوں میں اس صورتحال پر مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں جبکہ قومی اسمبلی کے ماحول میں پیدا ہونے والی کشیدگی بھی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔