بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کی شکست کے بعد قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود پر دباؤ میں اضافہ ہوگیا ہے اور ذرائع کے مطابق ان کے عہدے سے مستعفی ہونے کے امکانات پر بھی بات کی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلسل خراب نتائج کے باعث شان مسعود ذہنی دباؤ کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے قیادت سے علیحدگی کے امکانات کو رد نہیں کیا جا رہا۔ وہ دسمبر 2023 میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سنبھالنے کے بعد سے اب تک 16 ٹیسٹ میچز میں ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں۔
ان میچز میں پاکستان کو صرف 4 میں کامیابی حاصل ہوئی جبکہ 12 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد ان کی کپتانی پر تنقید میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے حالیہ دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو 2-0 سے شکست دے کر کلین سوئپ کیا۔ سلہٹ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں 437 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 358 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، اور یوں اسے 78 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔









