مارکو روبیو (Marco Rubio) نے کہا ہے کہ ایران سے جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال کے خاتمے کے لیے آج کسی اہم معاہدے کا امکان موجود ہے۔
بھارت کے دورے کے بعد روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ امید تھی کہ گزشتہ رات ہی معاہدے سے متعلق پیش رفت سامنے آ جائے گی، تاہم امکان ہے کہ آج اس حوالے سے کوئی اہم اعلان ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کے بارے میں غیر ضروری قیاس آرائیوں سے گریز کرنا چاہیے۔ ان کے بقول یا تو ایک مثبت اور قابلِ قبول معاہدہ طے پا جائے گا، یا پھر اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے دیگر آپشنز پر غور کرنا پڑے گا۔
مزید پڑھیں؛خلیج فارس، آبنائے ہرمز میں غیر ملکیوں کی کوئی جگہ نہیں، آئی آر جی سی
امریکی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا سفارت کاری کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن موقع دینا چاہتا ہے، اسی لیے کسی متبادل اقدام سے پہلے مذاکراتی عمل جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے سے متعلق ایک مضبوط تجویز زیرِ غور ہے۔
ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق بات کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ محدود مدت کے مذاکرات کی ایک سنجیدہ تجویز بھی موجود ہے اور امید ہے کہ اس معاملے میں بھی مثبت پیش رفت سامنے آئے گی۔









