ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای (Ayatullah Mujtaba Khamenei) نے کہا ہے کہ امریکا بتدریج اپنی عالمی حیثیت اور اثر و رسوخ کھوتا جا رہا ہے، جبکہ مشرقِ وسطیٰ کے ممالک اب امریکی فوجی اڈوں کی حفاظت کے لیے ڈھال بننے پر آمادہ نہیں رہیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خطے کی قومیں اب اس بات کو قبول نہیں کریں گی کہ ان کی سرزمین امریکا کے فوجی مفادات کے تحفظ کے لیے استعمال ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ میں امریکی اڈے اب پہلے کی طرح محفوظ نہیں رہے اور امریکا کی طاقت و برتری میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔
مزید پڑھیں؛ابراہیمی معاہدہ پاکستان کیلئے قابلِ قبول نہیں، خواجہ آصف
آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے اشارہ دیا کہ خطے میں بدلتی ہوئی سیاسی اور عسکری صورتحال امریکا کے لیے مشکلات پیدا کر رہی ہے۔ ان کے مطابق وہ دور گزر چکا جب امریکی مفادات کو بلا چیلنج تحفظ حاصل تھا۔
واضح رہے کہ مشرقِ وسطیٰ اور ایران کے گرد و نواح میں کئی ممالک میں امریکی فوجی اڈے قائم ہیں۔ حالیہ کشیدگی اور جنگی صورتحال کے دوران ایران نے بعض علاقائی ممالک پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ امریکا کو اپنی سرزمین فوجی کارروائیوں کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دے رہے ہیں۔ ایران کی جانب سے ایسے ممالک میں امریکی مفادات اور اڈوں کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں بھی سامنے آئی تھیں۔









