بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

محرم الحرام کے چاند سے متعلق پیشگوئی، 17 جون کو نئے اسلامی سال کے آغاز کا امکان

رویت ہلال ریسرچ کونسل نے پاکستان میں محرم الحرام کے چاند سے متعلق ابتدائی پیشگوئی جاری کر دی ہے۔

رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کے مطابق نیا چاند 15 جون 2026 کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 54 منٹ پر پیدا ہوگا، تاہم اسی روز غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹوں سے بھی کم ہوگی۔

ماہرین کے مطابق ہلال کی رویت کے لیے عام طور پر چاند کی عمر کم از کم 18 گھنٹے یا اس سے زائد ہونا ضروری سمجھی جاتی ہے۔

خالد اعجاز مفتی نے بتایا کہ غروبِ آفتاب اور غروبِ قمر کے درمیان وقفہ بھی رویت ہلال میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ان کے مطابق 15 جون کی شام کراچی میں یہ فرق 37 منٹ جبکہ پشاور میں 42 منٹ ہوگا، تاہم چاند کی کم عمر کے باعث رویت کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کم عمر چاند کی وجہ سے 15 جون کی شام ہلال کو ننگی آنکھ تو درکنار، دوربین یا ٹیلی اسکوپ کے ذریعے بھی دیکھنا ممکن نہیں ہوگا۔

مزیدپڑھیں:اسرائیلی فوج کی لبنان میں پیش قدمی، دریائے لطانی عبور کرنے کا دعویٰ

رویت ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق ذوالحجہ 1447 ہجری کے 30 دن مکمل ہونے کی صورت میں یکم محرم الحرام 1448 ہجری 17 جون 2026 کو ہونے کا امکان ہے۔

تاہم کونسل نے واضح کیا ہے کہ نئے اسلامی سال کے آغاز اور محرم الحرام کے چاند کی رویت کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔