بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور تجربہ کار بلے باز اجنکیا رہانے(ajinkya rahane) ریٹائرمنٹ کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ہر ماہ 70,000 روپے پنشن حاصل کریں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 30 جولائی کو بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے اجنکیا رہانے نے بھارت کی جانب سے 85 ٹیسٹ، 90 ایک روزہ اور 20 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔
انہوں نے 21-2020ء میں قائم مقام کپتان کی حیثیت سے آسٹریلیا میں بارڈر گواسکر ٹرافی بھی جیتی۔
مزیدپڑھیں:وائرل ویڈیو اور صحت پر قیاس آرائیاں، سلمان خان نے خاموشی توڑ دی
بھارتی کرکٹ بورڈ نے 2022ء میں ریٹائرڈ کرکٹرز کی پنشن میں اضافہ کیا تھا، اس فیصلے کے تحت 85 ٹیسٹ میچ کھیلنے والے رہانے کو اعلیٰ ترین پنشن کیٹیگری میں شامل کیا گیا جہاں ماہانہ پنشن 50,000 سے بڑھا کر 70,000 روپے کر دی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ رہانے نے ابھی اپنے مستقبل کے منصوبوں کا اعلان نہیں کیا ہے تاہم انہوں نے اشارہ دیا ہے کہ وہ نوجوان کرکٹرز کی رہنمائی میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اگر اجنکیا رہانے مستقبل میں بورڈ کے ساتھ بطور کوچ، منتظم یا کسی سرکاری عہدے پر خدمات انجام دیتے ہیں تو اس دوران بھارتی کرکٹ بورڈ کے قواعد کے تحت ان کی پنشن عارضی طور پر روک دی جائے گی اور انہیں تنخواہ ادا کی جائے گی۔









