نیدرلینڈز نے بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی بے چینی کے باعث اپنے سونے کے ذخائر میں سے 86 ٹن سونا امریکا اور کینیڈا سے برطانیہ کے دارالحکومت لندن منتقل کردیا۔
نیدرلینڈز کے مرکزی بینک (DNB) کے مطابق سونے کے ذخائر کو لندن منتقل کرنے کا مقصد خطرات کو مختلف مقامات پر تقسیم کرنا اور کسی بھی بحرانی صورتحال میں سونے کی فروخت کے لیے تیز ترین مواقع کو یقینی بنانا ہے۔
مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ لندن میں موجود سونے کے ذخائر نیویارک اور اوٹاوا میں رکھے گئے سونے کے مقابلے میں زیادہ آسانی سے تجارت کیے جاسکتے ہیں۔
اس منتقلی سے نیدرلینڈز کے سونے کے ذخائر کی جغرافیائی تقسیم بھی زیادہ متوازن ہوگئی ہے، جس سے بینک کی بحران سے نمٹنے کی تیاری مزید مضبوط ہوگی۔
DNB کے صدر اولاف سلیپن نے کہا کہ بینک کو توقع ہے کہ اسے کبھی اپنے سونے کے ذخائر کو بحران کے دوران استعمال کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، تاہم اس کے باوجود پیشگی تیاری کرنا ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سونے کے ذخائر کی مختلف مقامات پر موجودگی نیدرلینڈز کے مرکزی بینک کی مجموعی تیاری اور بحران سے نمٹنے کی صلاحیت کو بہتر بناتی ہے۔
نیدرلینڈز کے مرکزی بینک کے مطابق 2025 کے اختتام پر ملک کے مجموعی سونے کے ذخائر 612.4 ٹن تھے، جن کی مالیت 72.2 ارب یورو تھی۔
سونے کی حالیہ منتقلی سے قبل نیدرلینڈز کے مجموعی سونے کے ذخائر کا 31.3 فیصد حصہ نیویارک جبکہ 19.7 فیصد اوٹاوا میں موجود تھا۔ منتقلی کے بعد امریکا اور کینیڈا میں موجود سونے کا حصہ کم ہوکر دونوں ممالک میں 18.5، 18.5 فیصد رہ گیا ہے۔
دوسری جانب لندن میں رکھے گئے نیدرلینڈز کے سونے کے ذخائر کا حصہ 18.1 فیصد سے بڑھ کر 32.1 فیصد ہوگیا ہے، جس کے بعد لندن نیدرلینڈز کے سونے کے ذخائر رکھنے والا سب سے بڑا مقام بن گیا ہے۔
مرکزی بینک نے بتایا کہ سونے کی منتقلی مکمل طور پر ایک ہی طریقے سے نہیں کی گئی بلکہ اس میں خرید و فروخت کے ساتھ ساتھ سونے کو ایک مقام سے دوسرے مقام منتقل کرنا بھی شامل تھا۔
DNB کے مطابق امریکا اور کینیڈا سے 27 ٹن سے زیادہ سونا نیدرلینڈز کے شہر زیست منتقل کیا گیا، جبکہ اتنی ہی مقدار میں سونا زیست سے لندن منتقل کردیا گیا۔ اس طریقہ کار کا مقصد سونے کی سلاخوں کو دوبارہ پگھلانے سے بچانا تھا۔
مرکزی بینک نے کہا کہ خرید و فروخت اور منتقلی کے امتزاج کے ذریعے بڑی مقدار میں سونا ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے سے وابستہ خطرات کو تقسیم کیا گیا۔
مزید پڑھیں:پاکستان میں 1 تولہ سونے کی قیمت میں 11200 روپے اضافہ ہوگیا
نیدرلینڈز کی جانب سے سونے کے ذخائر کی منتقلی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب جغرافیائی سیاسی کشیدگی میں اضافے کے باعث عالمی سطح پر مرکزی بینکوں کے سونے کے ذخائر کی حفاظت اور ان کی جغرافیائی تقسیم پر توجہ بڑھ رہی ہے۔









