وزیراعظم شہباز شریف(Shehbaz Sharif) نے کہا کہ 6 ستمبر قومی تاریخ کا ایک درخشاں باب اور مسلح افواج و قوم کے بے مثال عزم، اتحاد اور عظیم قربانیوں کی یادگار ہے۔ یومِ دفاع و شہداء مسلح افواج کے شہداء، غازیوں اور ان کے اہلخانہ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ 1965ء میں دشمن کی بلااشتعال جارحیت کے باوجود مسلح افواج نے ہر محاذ پر دشمن کو شکست دی اور غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا جبکہ پاکستانی قوم نے مثالی اتحاد، عزم اور ثابت قدمی کا ثبوت دیا۔ مسلح افواج اور قوم نے مل کر قومی تاریخ میں قابلِ رشک اور لازوال میراث رقم کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاک افواج نے دشمن کو ایسا جواب دیا جسے اس کی نسلیں یاد رکھیں گی، جبکہ آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی نے عسکری تاریخ میں سنہری باب رقم کیا۔ 6 ستمبر کا جذبہ اور ولولہ آج بھی پوری قوت کے ساتھ زندہ اور مضبوط ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ چیلنجز مزید قومی اتحاد اور یکجہتی کا تقاضا کرتے ہیں۔ دشمن قوتیں ہائبرڈ وار فیئر کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشیں کر رہی ہیں جنہیں پوری قوت اور عزم کے ساتھ ناکام بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کا سب سے بڑا چیلنج جہالت، غربت اور پسماندگی کا خاتمہ ہے۔ پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ اقبالؒ کے وژن کے مطابق ڈھالنا ہے جبکہ حقیقی طاقت متحد، پُرامن، مستحکم اور معاشی طور پر مضبوط قوم میں مضمر ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت ملکی سلامتی، خودمختاری اور دفاع مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے، جبکہ معاشی ترقی، سیاسی استحکام اور عوامی فلاح و بہبود حکومت کی ترجیحات ہیں۔
مزیدپڑھیں:یوم دفاع اتحاد، قربانی اور حب الوطنی کی روشن علامت ہے، حنا پرویز بٹ
وزیراعظم کے مطابق پاکستان علاقائی و عالمی امن کے فروغ میں فعال اور تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا اور خطے میں امن و سلامتی کے علمبردار کے طور پر ابھرا ہے۔ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ علاقائی سلامتی میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار اور اجتماعی دفاع و باہمی سلامتی کے عزم کا عکاس ہے۔
پاکستان امن و سلامتی کے قابلِ اعتماد شراکت دار کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتا رہے گا اور علاقائی چیلنجز کے حل کے لیے تعاون و مکالمے کو ترجیح دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں حقیقی اور دیرپا امن ممکن نہیں۔ قائداعظمؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا اور بھارت کا مسئلہ کشمیر پر قابلِ مذمت طرزعمل خطے میں امن کی راہ میں رکاوٹ ہے۔
وزیراعظم نے قوم پر زور دیا کہ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کو زندگی کا لازمی حصہ بنانے کے عزم کی تجدید کی جائے۔ مضبوط اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، کیونکہ مضبوط دفاع پائیدار امن اور ترقی کی بنیاد ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج قومی سلامتی کی ضامن ہیں اور پوری قوم اپنے بہادر محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے پاکستان کے امن، استحکام اور خوشحالی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرتے ہوئے پیغام کا اختتام مسلح افواج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد کے الفاظ پر کیا۔









