بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی چاہتا ہے، پرامن بقائے باہمی کو کمزوری نہ سمجھا جائے،آئی ایس پی آر

مسلح افواج نے یوم دفاع و شہدا پر شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 6ستمبر قومی اتحاد، جرأت اور عزم کی لازوال علامت ہے،پاکستان کیخلاف کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف،ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے شہدا کو خراج عقیدت جبکہ ان کے خاندانوں کو سلام پیش کیا۔

جاری بیان میں کہا گیا کہ 6ستمبر قومی اتحاد، جرأت اور عزم کی لازوال علامت ہے،6ستمبر 1965 کو پاکستانی قوم مادر وطن کے دفاع کیلئے متحد ہوکر کھڑی ہوئی،شہدائے پاکستان فرض، عزت اور قربانی کی اعلیٰ ترین مثال ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا کی لازوال قربانیاں آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ ہیں،شہداکے خاندان استقامت اور حوصلے کی علامت ہیں،مسلح افواج کے غازیوں کو بہادری اور ثابت قدمی پر سلام پیش کرتے ہیں۔

مسلح افواج ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے دفاع کیلئے مکمل تیار ہیں،پاکستان خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی چاہتا ہے ،امن اور پرامن بقائے باہمی کے عزم کو کمزوری نہ سمجھا جائے،پاکستان کیخلاف کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:کوٹری اسٹیشن، مال گاڑی کو حادثہ، ریلوے ملازم جاں بحق، اپ ٹریک مکمل بند

مسلح افواج نے پاکستان اور عوام سے غیر متزلزل وابستگی کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کی عظیم قربانیاں، غازیوں کا جذبہ اور اہلخانہ کی استقامت قومی طاقت ہیں،مسلح افواج قومی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ مہارت اور غیرمتزلزل عزم سے ادا کرتی رہیں گی، پاکستان کی مسلح افواج زندہ باد، پاکستان ہمیشہ پائندہ باد۔