بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کراچی میں باوردی ڈکیتی، 8 بہنوں کا اکلوتا بھائی قتل

سندھ کے صوبائی دارالخلافہ کراچی کے علاقے منگھو پیر مہران سٹی میں ڈکیتی مزاحمت پر مسلح افراد کی فائرنگ سے 15 سالہ نوجوان روشم جاں بحق ہو گیا۔

مقتول کے والد کے مطابق 6 مسلح ڈاکو گھر میں داخل ہوئے جن میں سے دو نے پولیس کی وردی پہن رکھی تھی۔

آہٹ سن کر والد اور بیٹا کمروں سے باہر آئے تو ملزمان نے فائرنگ کر دی جس سے روشم سینے پر گولی لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

والد کے مطابق گزشتہ بیس سے پچیس روز سے پولیس یونیفارم میں ملبوس ملزمان علاقے میں وارداتیں کر رہے ہیں ،پولیس کو علاقے میں ہونے والی وارداتوں سے آگاہ کیا تھا۔

مقتول میٹرک کا طالب علم اور 8 بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔ اہلخانہ نے ملزمان کی گرفتاری تک تدفین سے انکار کرتے ہوئے نیا ناظم آباد اور بلاول ہاؤس کے باہر احتجاج کا انتباہ دیا ہے۔

کراچی میں اسٹریٹ کرائم ایک بار پھر شہریوں کی جانوں کے لیے خطرہ بن گیا ہے۔ ڈکیتی یا موٹرسائیکل چھیننے کی واردات کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کے واقعات میں شہریوں کے جاں بحق ہونے کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ رواں سال ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہونے والے شہریوں کی تعداد 55 تک پہنچ چکی ہے جن میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

پرانا گولیمار میں گزشتہ روز میوہ شاہ قبرستان کے قریب مبینہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر مسلح ملزمان نے فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں 25 سے 30 سالہ عبدالرحمان جاں بحق جبکہ 55 سالہ عتیق زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق مقتول عبدالرحمان قریبی گودام میں ملازم تھا۔

لیاقت آباد میں بھی6 ستمبر ڈکیتی کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ پولیس کے مطابق لیاقت آباد 10 نمبر کے قریب ایل پی جی کی دکان میں مسلح ملزمان داخل ہوئے اور واردات کی کوشش کی۔ مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 28 سالہ شخص م جاں بحق ہوگیا۔ ملزمان موٹرسائیکل، موبائل فون اور نقدی لے کر فرار ہوگئے۔

کورنگی کے اللہ والا ٹاؤن میں یکم جولائی کو موٹرسائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے نوجوان عباس جاں بحق ہوا تھا۔ پولیس کے مطابق مقتول موٹرسائیکل پر پھیری کا کام کرتا تھا۔

اسی طرح 21 جولائی کو شہری نسیم کو پی ای سی ایچ ایس کے علاقے میں مبینہ ڈکیتی کے دوران فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:روس کا جرمن قونصل خانہ بند کرنے کا اعلان، تعلقات میں کشیدگی کیوں آئی؟

2026 میں ڈکیتی مزاحمت پر شہریوں کے جاں بحق ہونے کے مسلسل واقعات یہ ظاہر کرتے ہیں کہ اسٹریٹ کرائم کا مسئلہ بدستور شہریوں کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔ ہر واردات کے بعد ایک خاندان اپنے کسی فرد سے محروم ہوجاتا ہے، جبکہ متعدد واقعات میں شہری زخمی بھی ہوتے ہیں۔