بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جازان: حوثی حملے میں زخمی پاکستانیوں کی حالت بہتر؛ قونصل جنرل پاکستان نے اسپتالوں میں عیادت کی

قونصل جنرل پاکستان جدہ نے جازان ریجن کا دورہ کرتے ہوئے حوثی ملیشیا کے حملوں میں زخمی ہونے والے پاکستانی شہریوں کی مختلف اسپتالوں میں عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

جدہ: وزیراعظم پاکستان کے اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے خصوصی وژن اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کی صریح ہدایات کی روشنی میں، قونصل جنرل پاکستان جدہ نے جازان ریجن کے مختلف شہروں کے اہم طبی مراکز بائش جنرل اسپتال، صبیہ اسپتال اور کنگ فہد اسپتال کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دورے کا بنیادی مقصد گزشتہ روز حوثی ملیشیا کی جانب سے کیے جانے والے حملوں کے نتیجے میں متاثر اور زخمی ہونے والے پاکستانی شہریوں کی مزاج پرسی کرنا اور ان کی صحت کی صورتِ حال کا براہِ راست جائزہ لینا تھا۔

دورے کے دوران قونصل جنرل نے بستر پر زیرِ علاج زخمی پاکستانی شہریوں سے فرداً فرداً ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور ان کے حوصلی افزائی کرتے ہوئے قونصلیٹ جنرل جدہ کی جانب سے مکمل اور بلا مشروط تعاون کا یقین دلایا۔ قونصل جنرل نے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ قونصلیٹ ہر ممکن قدم اٹھائے گا تاکہ متاثرہ ہم وطنوں کو کسی بھی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ان کے تمام معاملات ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔

sudi pic02

قونصل جنرل نے تمام زخمیوں کی حالت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ تمام متاثرہ پاکستانی شہریوں کی مجموعی صورتِ حال تسلی بخش ہے اور وہ انتہائی تیزی کے ساتھ صحت یابی کی طرف گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کی تسلی بخش حالت اور بہتر دیکھ بھال پاکستان اور قونصلیٹ کے لیے انتہائی باعثِ اطمینان ہے۔

اس اہم دورے کے موقع پر قونصل جنرل اور ان کی وفد میں شامل دیگر اعلٰی حکام نے بائش، صبیہ اور کنگ فہد اسپتالوں کی اعلیٰ انتظامیہ اور طبی عملے سے بھی خصوصی ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں قونصل جنرل نے تمام اسپتال انتظامیہ، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کا پاکستانی شہریوں کو دن رات بہترین طبی نگہداشت، فوری علاج اور ہمدردانہ ماحول فراہم کرنے پر دلی طور پر شکریہ ادا کیا۔

مزید برآں، قونصلیٹ جنرل جدہ نے حکومتِ سعودی عرب کا بھی بالخصوص اور تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جس نے روایتی ہمدردانہ بنیادوں پر بروقت اقدامات کرتے ہوئے متاثرہ پاکستانی شہریوں کو علاج معالجے کے لیے جدید ترین طبی سہولیات، اعلٰی تکنیکی وسائل اور مکمل دیکھ بھال فراہم کی۔ قونصلیٹ حکام نے سعودی عرب کے جذبہ خیر سگالی اور پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کی روشنی میں کیے جانے والے ان اقدامات کو بے حد سراہا۔