بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں کل سے 17 ستمبر تک طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈ کا خدشہ

اسلام آباد / لاہور / پشاور پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں کل سے 17 ستمبر تک تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلا دھار بارشوں کا الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے پنجاب کے ترجمان نے بتایا کہ 12 سے 17 ستمبر کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس دوران راولپنڈی، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور اٹک میں بارش کا امکان ہے، جبکہ 14 سے 17 ستمبر کے دوران لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، گجرات، وزیرآباد، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب اور سرگودھا میں بارش متوقع ہے۔ علاوہ ازیں خوشاب، میانوالی، نورپور تھل، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور گردونواح میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب محمد سیف انور جپہ نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو پیشگی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا شدید خدشہ ہے جبکہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ مری، گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک سمیت تمام محکموں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں 14 سے 17 ستمبر کے دوران موسلا دھار بارشوں کے باعث فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ پشاور، مردان اور صوابی جیسے میدانی اضلاع کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو خراب موسم کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے، بوسیدہ مکانات میں رہائش نہ رکھنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور بجلی کے کھمبوں و کھلے آسمان سے دور رہنے کی اپیل کی ہے۔ والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بچوں کو جمع شدہ پانی اور تاروں کے قریب نہ جانے دیں۔

کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پی ڈی ایم اے کے ایمرجنسی آپریشن سینٹرز 24 گھنٹے فعال کر دیے گئے ہیں۔ پنجاب کے شہری امداد کے لیے 1129 اور خیبرپختونخوا کے شہری 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔