بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ٹی آئی وفد کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات، آل پارٹیز کانفرنس اور پی ٹی آئی کے احتجاج میں شرکت کی دعوت دیدی

اسلام آباد:تحریکِ انصاف کے رہنماؤں کی چیئرمین بیرسٹر گوہر کی قیادت میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی جس میں انہیں آل پارٹیز کانفرنس اور پی ٹی آئی کے احتجاج میں شرکت کی دعوت دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق تحریکِ انصاف کے وفد کی سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ آمد ہوئی جہاں چیئرمین بیرسٹر گوہر کی قیادت میں وفد نے مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی اور انہیں تحریک تحفظِ آئینِ پاکستان کی جانب سے مجوزہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت کے لیے باضابطہ مدعو کیا۔

ملاقات میں پاکستان تحریکِ انصاف اور جمعیت علمائے اسلام کے اہم رہنما موجود تھے۔ پی ٹی آئی کے وفد میں پارٹیرینز اور رہنما سلمان اکرم راجا، اسد قیصر، اور فردوس شمیم نقوی شامل تھے، جبکہ دوسری جانب جے یو آئی کی نمائندگی کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری اور مولانا اسعد محمود بھی مولانا فضل الرحمان کے ساتھ اس ملاقات میں موجود تھے۔

ملاقات کے بعد جاری کردہ اعلامیے کے مطابق تحریک تحفظِ آئینِ پاکستان کی جانب سے مجوزہ آل پارٹیز کانفرنس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران پی ٹی آئی کی 27 ستمبر کی کال، رول آف لاء، اور ملک میں آئین کی بالادستی سے متعلق تمام اہم پہلوؤں پر بات چیت کی گئی۔

اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ ملاقات کے دوران ملک میں آئینی و جمہوری نظام کے استحکام سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں سیاسی جماعتوں کے درمیان باہمی مشاورت اور آئینی نظام کے دفاع کے لیے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت پر بھی سیر حاصل گفتگو کی گئی۔