بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

دہشتگردی پر کنٹرول کے بعد کے پی کا نظام صوبائی حکومت کے حوالے ہوگا: طارق فضل

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے واضح کیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کے بعد نظامِ حکومت دوبارہ صوبائی انتظامیہ کے حوالے کر دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے تمام آئینی تقاضے پورے ہو چکے ہیں اور اب اس عمل کا تیسرا مرحلہ شروع ہو گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کا بنیادی مقصد خیبر پختونخوا سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اور وہاں دائمی امن کا قیام ہے، جس کے تحت دہشت گردی سے متاثرہ 12 اضلاع کو کلیئر کیا جائے گا جہاں اس وقت دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں موجود ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اپوزیشن کو بامقصد مذاکرات کی دعوت دی ہے اور حکومت بات چیت کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گورنر کے پی صوبائی حکومت کے اختیارات کا مکمل کنٹرول سنبھال چکے ہیں اور صوبے میں کسی قسم کی غیر متعلقہ سیاسی مداخلت نہیں کی جائے گی، جبکہ عوام کی محرومیوں کے ازالے کے لیے خصوصی ترقیاتی روڈ میپ پر بھی کام جاری ہے۔