برطانیہ کے معروف کامیڈین اور اداکار ڈیوڈ ویلیمز کم عمر لڑکیوں کی مبینہ جنسی گرومنگ اور ہراسانی کے سنگین الزامات کی زد میں آ گئے ہیں، جس کے بعد مقامی پولیس نے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق 55 سالہ برطانوی اداکار اور کامیڈین ڈیوڈ ویلیمز پر یہ سنگین الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے اپنی بے پناہ شہرت اور مقبولیت کو ناجائز طور پر استعمال کرتے ہوئے اسکول کی کم عمر طالبات کو اپنے جال میں پھنسایا۔ سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق ان پر 15 سالہ لڑکی کو مبینہ طور پر جنسی حملے کا نشانہ بنانے، او لیول کی ایک طالبہ کو ہدف بنانے اور متعدد دیگر کم عمر لڑکیوں کو ہراساں کرنے جیسے سنگین الزامات لگائے گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق معاملے کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے برطانوی پولیس نے متاثرہ لڑکیوں کے بیانات اور الزامات کی روشنی میں باضابطہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ دوسری جانب مشہور برطانوی ٹی وی پروگرام ’بریٹنز گاٹ ٹیلنٹ‘ کے سابق جج ڈیوڈ ویلیمز نے اپنے اوپر عائد تمام الزامات کو یکسر بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ اداکار نے اپنے دفاع میں بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان پر لگائے جانے والے الزامات میں کوئی صداقت نہیں اور وہ کوئی جنسی درندہ نہیں ہیں۔








