بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

صدر زرداری کی لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات، ملکی صورتحال پر گفتگو

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے لاہور میں وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ہے، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق وزیرِ اعظم آفس سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری ہفتے کے روز لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں واقع وزیرِ اعظم شہباز شریف کی رہائش گاہ پہنچے جہاں وزیرِ اعظم نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس اہم بیٹھک میں دونوں رہنماؤں نے ملک میں معاشی استحکام لانے اور عوامی فلاحی و ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کو تیز کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف نے صدرِ مملکت کو اپنے حالیہ دورہ ترکیہ اور 31ویں کانفرنس آف پارٹیز (COP) میں شرکت کے حوالے سے بھی اعتماد میں لیا، جبکہ اتحادی جماعتوں کے درمیان باہمی تعاون اور مشاورت کے تسلسل کو برقرار رکھنے پر بھی گفتگو ہوئی۔

خبر رساں ادارے کے مطابق اس اعلیٰ سطحی ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، سابق وزیرِ اعظم راجہ پرویز اشرف، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ، مشیرِ وزیرِ اعظم رانا ثنااللہ اور رکنِ صوبائی اسمبلی حمزہ شہباز بھی شریک تھے۔ واضح رہے کہ صدر زرداری نواب شاہ میں چند روزہ نجی قیام کے بعد گزشتہ روز لاہور پہنچے تھے، جبکہ نواب شاہ میں ان کے قیام کے دوران وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بھی ان سے ملاقات کی تھی۔

دوسری جانب نئے صوبوں کے قیام سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر ایوانِ صدر کی جانب سے پہلے ہی وضاحت جاری کی جا چکی ہے جس میں ان میڈیا رپورٹس کی تردید کی گئی تھی کہ صدر زرداری اور محسن نقوی کی ملاقات میں نئے صوبوں پر بات ہوئی۔ ایوانِ صدر کے مطابق اس ملاقات میں صرف قومی سلامتی اور خطے کی صورتحال زیرِ بحث آئی تھی۔ تاہم اس سے قبل لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے نئے صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم کرانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر تمام سیاسی جماعتیں عوامی بالادستی پر یقین رکھتی ہیں تو اس معاملے پر ریفرنڈم کرا لیں، کیونکہ عوامی سروے رپورٹس میں بھی اکثریت نئے صوبوں کے قیام کی حامی نظر آتی ہے، تاہم اگر عوام انکار کریں تو وہ سو فیصد عوام کے فیصلے کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔