بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

شاہ رُخ خان نے فلم ’پٹھان‘ کے بائیکاٹ پر خاموشی توڑ دی

ممبئی(شوبز ڈیسک) بالی ووڈ کنگ شاہ رُخ خان نے اپنی نئی فلم ’پٹھان ‘ کا بائیکاٹ پر خاموشی توڑ دی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق شاہ رُخ خان نے مغربی بنگال میں فلم فیسٹیول کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپنی نئی فلم پٹھان پر تنقید اور بائیکاٹ کرنے والے ہندو انتہا پسندوں کو جواب دے دیا۔

کنگ خان نے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ ’دنیا جو بھی کرلے میں اور آپ لوگ اور جب تک اچھے لوگ موجود ہیں کچھ نہیں ہوگا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ہمارے دور کا اجتماعی بیانیہ سوشل میڈیا سے تشکیل پاتا ہے۔ اس خیال کے برعکس کہ سوشل میڈیا سنیما کو منفی طور پر متاثر کرے گا، میرا خیال ہے کہ سینما کا اب اور بھی اہم کردار ہے‘۔

کنگ خان نے مزید کہا کہ ’سوشل میڈیا اکثر ایک مخصوص تنگ نظری سے چلتا ہے جو انسانی فطرت کو اس کے بنیادی نفس تک محدود کرتا ہے۔ میں نے کہیں پڑھا تھا کہ منفیت سوشل میڈیا کی کھپت کو بڑھاتی ہے اور اس طرح اس کا بزنس ریٹ بھی بڑھ جاتا ہے اس طرح سے اجتماعی بیانیہ تشکیل دیا جاتا ہے جو تباہ کن ثابت ہوتا ہے‘۔

شاہ رُخ خان کا کہنا ہے کہ اس گانے کے مناظر کو بھارتی انتہا پسندوں نے مذہبی تعصب کا رنگ دے  دیا ہے۔

یاد رہے کہ شاہ رخ خان کی نئی فلم پٹھان کے گانے ’بےشرم رنگ‘ میں فلم کی ہیروئن دیپیکا پڈوکون کے عریاں  زعفرانی لباس کو وجہ بنا کر بھارتی انتہا پسندوں نے فلم کے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے۔

بھارتی انتہا پسندوں کا کہنا ہے کہ ہندو مذہب میں زعفرانی رنگ کو مقدس سمجھا جاتا ہے جبکہ انتہا پسند ہندوؤں نے گانے میں شاہ رخ کے ہرے رنگ کے کپڑے پہننے پر بھی سوالات اُٹھائے ہیں۔