بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان کی ثالثی سے نئی امریکی تجاویز موصول، ایران غور میں مصروف

ایران (Iran) کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کی حالیہ ثالثی کوششوں کے نتیجے میں امریکا کی جانب سے نئی تجاویز موصول ہوئی ہیں، جن کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق کونسل کے سیکرٹریٹ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران نے پاکستان کی ثالثی کے ذریعے ایک مجوزہ فریم ورک کی بنیاد پر مذاکرات پر آمادگی ظاہر کی، تاہم اب تک ان نئی تجاویز پر کوئی حتمی جواب نہیں دیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ ایران نے مذاکراتی عمل میں اپنے قومی مفادات اور مؤقف کو بھرپور انداز میں پیش کیا، لیکن امریکا کی جانب سے بعض نئے اور سخت مطالبات سامنے آئے، جن پر ایران نے محتاط اور سخت مؤقف اختیار کیا ہے۔

مزید پڑھیں:غزہ میں پانی کے ٹرک ڈرائیوروں کی ہلاکت پر یونیسیف کا شدید ردعمل

ایرانی نیشنل سکیورٹی کونسل نے واضح کیا کہ مذاکراتی ٹیم قومی مفادات، عوامی حقوق اور قربانیوں پر کسی قسم کی رعایت نہیں دے گی۔

بیان کے مطابق آبنائے ہرمز سے متعلق ایران نے واضح کیا ہے کہ جنگ بندی کے دوران صرف تجارتی جہازوں کو عارضی اور مشروط اجازت دی جائے گی، جبکہ فوجی یا مخالف ممالک کے غیر تجارتی جہازوں کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

مزید پڑھیں:لبنان میں حملے میں یو این امن مشن کے ساتھ تعینات فرانسیسی فوجی ہلاک

کونسل نے یہ بھی کہا کہ ایران اپنی قومی سلامتی کے پیش نظر آبنائے ہرمز پر مکمل نگرانی اور کنٹرول برقرار رکھے گا، اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں سخت ردعمل دیا جا سکتا ہے۔

پاکستان کی ثالثی کو اس معاملے میں ایک اہم سفارتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ خطے میں کشیدگی کے باوجود مذاکراتی امکانات بدستور موجود ہیں۔